بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی اور ذاتی معالجین سے ملاقات کامعاملہ، اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے متعلق ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
ہم نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی اور ذاتی معالجین سے ملاقات کے معاملے پر عظمیٰ خان نے درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں حقائق کو مدنظر نہیں رکھا اور علاج کی سہولت فراہم کرنے کے بجائے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا۔ہائیکورٹ کا فیصلہ مؤثر نہیں تھا۔ جبکہ عدالت نے سابقہ احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کے معاملے کو بھی نظر انداز کیا۔ کہا گیا کہ عظمیٰ خان اگرچہ ہائیکورٹ میں فریق نہیں تھیں تاہم وہ اس فیصلے سے متاثرہ فریق ہیں۔
درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔ اور ذاتی معالجین سے ملاقات کی اجازت بھی دی جائے۔
