اداکارہ مومنہ اقبال پر لیگی ایم پی اے سے مالی اور دیگر فوائد حاصل کرنے کا الزام

لاہور (قدرت روزنامہ)اداکارہ مومنہ اقبال پر لیگی ایم پی اے سے مالی اور دیگر فوائد حاصل کرنے کا الزام،لیگی ایم پی اے کے وکیل کا دونوں افراد کے تعلقات سے متعلق اہم شواہد سامنے لانے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات پر مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے وکیل کی اہم گفتگو سامنے آئی ہے۔
جمعرات کے روز این سی سی آئی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی ایم پی اے کے وکیل میاں علی اشفاق نے کہا کہ محمد ثاقب اور مومنہ اقبال کی پہلی ملاقات 2021 میں ہوئی، دونوں کا بہت لمبے عرصے تک گہرا تعلق رہا ایک وقت میں دونوں کا رشتہ بھی قائم ہوتے ہوتے رہ گیا، آنے والے دنوں میں تمام معاملے سے متعلق اہم شواہد سامنے لائے جائیں۔
یہ انوکھی بات ہے کہ درخواست گزار خاتون بنا کسی قانونی رشتے کہ 5 سال تک جس ملزم سے مالی اور دیگر فوائد حاصل کرتی رہی، آپس میں ملاقاتیں رہیں ایک دوسرے کے ہاں آنا جانا ہوتا رہا، اب ان پر آن لائن ہراسگی کا الزام لگا دیا گیا۔ آنے والے دنوں میں دونوں افراد کے تعلقات کے انتہائی اہم شواہد سامنے آئیں گے۔ ان شواہد کودیکھ کر لوگ حیران و پریشان ہو جائیں گے۔
قانون کا دروازہ بلیک میلنگ یا ابیوز کیلئے نہیں کھٹکھایا جا سکتا۔ جبکہ اس تمام معاملے کے حوالے سے نجی ٹی وی چینل اےآر وائی نیوز کی رپورٹ میں دعوٰی کیا گیا ہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال کے وکلاء نے بتایا کہ اداکارہ مومنہ اقبال اور لیگی ایم پی اے کے درمیان سال 2022ء اور 2023ء سے تعلقات تھے۔ لیگی ایم پی اے اداکارہ سے ہر صورت شادی کے خواہاں تھے اور انہوں نے اس مقصد کے لیے باقاعدہ رشتہ بھی بھجوایا تھا۔
بعد میں معلوم ہوا کہ مذکورہ مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں، وہ پہلے سے شادی شدہ ہونے کے باوجود اداکارہ مومنہ اقبال سے تیسری شادی رچانا چاہتے تھے۔ ایم پی اے کی پہلی شادیوں کا پتہ چلنے پر اداکارہ مومنہ اقبال نے اخلاقی بنیادوں پر ان سے اپنے تمام تعلقات فوری طور پر ختم کر دیے تھے۔ سارا معاملہ اس وقت خراب ہوا جب اداکارہ مومنہ اقبال کا رشتہ کسی دوسری جگہ طے ہو گیا، جیسے ہی مومنہ اقبال کی دوسری جگہ شادی طے ہوئی، تو لیگی ایم پی اے آپے سے باہر ہو گئے اور انہوں نے اداکارہ کو باقاعدہ ہراساں کرنا شروع کر دیا۔
وکلاء کے مطابق لیگی ایم پی اے نے اپنے سیاسی اثر و رسوخ کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مومنہ اقبال کے ہونے والے شوہر کے خلاف ایک مقدمہ بھی درج کروا دیا۔ ہراساں کیے جانے، دھمکیوں اور بلیک میلنگ پر مبنی تمام ٹھوس دستاویزی اور ڈیجیٹل شواہد این سی سی آئی اےکے افسران کے سامنے پیش کر دیے گئے ہیں۔
