ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ نے مومنہ اقبال کا پہلا رشتہ بھی تڑوایا، اداکارہ کے وکیل کا دعویٰ
مومنہ اقبال کا دوسری جگہ شادی طے پانے پر ملزم انتقامی بن گیا، 2024ء سے ذہنی اذیت اور بلیک میلنگ کے الزامات عائد کردیئے

لاہور(قدرت روزنامہ)معروف اداکارہ مومنہ اقبال اور ان کے ہونے والے شوہر حمزہ حبیب کے بیانات کے بعد اب اس ہائی پروفائل کیس میں ایک اور انتہائی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، اداکارہ مومنہ اقبال کے وکیل نے اس کیس کے پسِ منظر، ماضی کے رشتوں کے ٹوٹنے کی وجوہات اور ثاقب چدھڑ کی جانب سے جاری مبینہ بلیک میلنگ اور انتقامی کارروائیوں کے الزامات عائد کردیئے۔
اداکارہ مومنہ اقبال کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مؤکلہ کو پچھلے کئی سالوں سے ایک سوچی سمجھی سازش اور ذاتی انا کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے، یہ پہلی بار نہیں ہے کہ مومنہ اقبال کی شادی میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہوں، ماضی میں بھی ان کا ایک رشتہ طے پایا تھا جو ثاقب چدھڑ کی وجہ سے ٹوٹا۔
ان کا کہنا ہے کہ جب ماضی میں ثاقب چدھڑ نے مومنہ اقبال کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عوام، رشتہ داروں اور دوستوں میں پھیلانا شروع کیے، تو چوں کہ مومنہ ایک نامور اداکارہ ہیں اور ان کے لیے ان کی ساکھ سب سے اہم تھی، اس صورتحال سے وہ شدید پریشان ہوئیں، ان ناموافق حالات اور جھوٹے پروپیگنڈے کے باعث اس وقت جس شخص سے رشتہ طے پا رہا تھا، انہوں نے ایسے ماحول میں شادی کرنا مناسب نہ سمجھا۔
وکیل نے کہا کہ رشتہ ٹوٹنے کے باوجود مومنہ نے کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے یا تھانے میں ثاقب کے خلاف کوئی درخواست نہیں دی، کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ ایک اداکارہ ہونے کے ناطے ہمارے معاشرے میں اس بات کا غلط مطلب لیا جائے گا اور ان کے بہن بھائیوں کو زندگی بھر تکلیف اٹھانی پڑے گی، اصل تنازعہ اس وقت دوبارہ شروع ہوا جب مومنہ کی بزرگ والدہ نے اپنی بیٹی کو بسانے کے لیے ایک نیا رشتہ تلاش کیا اور معاملات تقریباً فائنل ہو گئے، جب ثاقب چدھڑ نے دیکھا کہ مومنہ کی شادی اب دوسری جگہ ہو رہی ہے، تو اس کی مردانہ انا نے یہ برداشت نہیں کیا اور وہ شدید انتقامی ہو گیا، ثاقب اور اس کی اہلیہ نے مل کر اس شخص سے رابطہ کیا جس سے مومنہ کا رشتہ ہو رہا تھا اور وہاں جا کر گھٹیا الزامات لگائے جس کے باعث وہ رشتہ ٹوٹ گیا۔
وکیل نے واضح کیا کہ اس پہلی شخصیت کا نام ابھی صیغہ راز میں رکھا جا رہا ہے، لیکن جیسے ہی وفاقی تحقیقاتی ادارے این سی سی آئی اے میں تفتیش کا دائرہ آگے بڑھے گا، وہاں اس شخصیت کا نام اور تمام ثبوت پیش کیے جائیں گے کہ کس طرح ثاقب اور اس کی بیوی نے سازش کے تحت وہ رشتہ تڑوایا، مومنہ اقبال نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی کہ یہ معاملہ کسی طرح اچھے طریقے سے حل ہو جائے اور جان چھوٹ جائے، لیکن ایسا نہ ہوا۔
اداکارہ کے وکیل نے بتایا کہ جب سال 2026ء میں مومنہ اقبال کا حمزہ حبیب کے ساتھ سنجیدہ تعلق بنا اور دونوں خاندانوں کی مرضی سے بات شادی تک پہنچی، تو ثاقب چدھڑ کو ایک بار پھر آگیا، اس نے فوری طور پر حمزہ حبیب کا ذاتی فون نمبر ٹریس کرنا شروع کر دیا تاکہ وہی پرانا طریقہ کار دہرا کر حمزہ کو بھی بدگمان کیا جا سکے اور یہ شادی بھی روکی جا سکے لیکن حمزہ حبیب نے اس کے جھانسے میں آنے کے بجائے اس کے خلاف ڈٹ جانے کا فیصلہ کیا۔
