لورالائی میں ریونیو امور سے متعلق اہم اجلاس، عوامی مسائل کے فوری حل کی ہدایت


لورالائی (قدرت روزنامہ) ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع کی زیر صدارت ضلع بھر میں ریونیو امور، سرکاری ریکارڈ کی درستگی، انتقالات، فردات کے اجراء، گرداوری، لینڈ ریکارڈ کی دیکھ بھال اور عوامی شکایات کے ازالے سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداروں، نائب تحصیلداروں، قانونگووں اور دیگر متعلقہ ریونیو افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع بھر میں ریونیو معاملات کی مجموعی کارکردگی، عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات اور زیر التواء امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کو اولین ترجیح دی جائے اور انتقالات، فردات سمیت دیگر ریونیو خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ریونیو ریکارڈ کی بروقت اپ ڈیٹیشن، گرداوری کے عمل میں شفافیت، سرکاری اراضی کے تحفظ اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف ریونیو نظام عوامی اعتماد میں اضافے اور حکومتی پالیسیوں کے مؤثر نفاذ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
اجلاس میں زیر التواء انتقالات، فردات اور ریونیو مقدمات کو مقررہ مدت میں نمٹانے کے لیے خصوصی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ افسران شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ طرز عمل کو یقینی بنائیں تاکہ دفاتر میں عوام کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر ریونیو ریکارڈ کی باقاعدہ جانچ پڑتال، فیلڈ مانیٹرنگ کے نظام کو فعال بنانے اور محکمانہ احتساب کو مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت، غیر حاضری یا بدعنوانی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شفاف اور عوام دوست ریونیو نظام حکومت بلوچستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

WhatsApp
Get Alert