کبھی PCB سے ناراضگی کا اظہار نہیں کیا، حفیظ

(قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا اور کہا کہ پی سی بی کے ساتھ کبھی ناراضگی کا اظہار نہیں کیا۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے باقائدہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ اپنے کیریئر سے خوش اور مطمئن ہوں۔

حفیظ نے اپنی پریس کانفرنس میں کہاکہ جب تک فٹ ہوں اور پرفارم کرتا رہا تو لیگ کرکٹ کھیلتا رہوں گا ۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ وننگ ٹیم کا حصہ ہوتا، محنت اور کوشش کی لیکن ایسا ممکن نہ ہو سکا۔

آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان کمیونیکیشن رہنی چاہیے گیپ کم ہونا چاہیے ، میں نے پی سی بی کے ساتھ کبھی ناراضگی کا اظہار نہیں کیا، میرا ہمیشہ یہ موقف رہا کہ فکسرز کو موقع نہیں ملنا چاہیے۔

محمد حفیظ نے کہاکہ میں نے احتجاج کیا اور جو جواب مجھے ملا اس پر سب سے زیادہ تکلیف ہوئی، مجھے اس وقت کے چیئرمین نے کہا کہ آپ نے کھیلنا ہے تو کھیلیں ، انہوں نے تو کھیلنا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ میں آج بھی اس بات پر قائم ہوں کہ جس نے پاکستان کےنام کو نقصان پہنچایا اسےموقع نہیں ملنا چاہیے ۔

محمد حفیظ نے کوچنگ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ جو لوگ پاکستان میں موجود ہیں انہیں پہلے موقع ملنا چاہیے،ان کا کہنا تھا کہ مجھے میرے ڈیپارٹمنٹ نے بہت سپورٹ کیا، ڈیپارٹمنٹ کرکٹ نے بہت سپر اسٹارز دئیے ہیں ، میری خواہش ہے کہ ڈیپارٹمنٹس سے عملی طور پر فائدہ اٹھانا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے 2019 ء کے ورلڈ کپ کے بعد سوچا تھا کہ مکمل ریٹائر ہوجاؤں ،مگر اہلیہ نے کہا کہ ابھی آپ کھیلیں کچھ قریبی لوگوں کی بھی یہی رائے تھی، میری اہلیہ تو اب بھی نہیں چاہتیں کہ میں ریٹائرمنٹ لوں ،تاہم اہلیہ کو سمجھایا کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے اور اب یہ وقت آ گیا ہے۔

حفیظ نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بالکل ایسا نہیں ہے رمیز راجا کے 2019ء میں کمنٹس کی وجہ سے ریٹائرمنٹ کا سوچا ، میں ناقدین کو ہمیشہ احترام دیتا ہوں، انہیں گراؤنڈ میں جواب دیتا ہوں،اچھے انداز سے اپنے کیرئیر کا اختتام کر رہا ہوں، کسی کی وجہ سے فیصلہ نہیں کیا۔