پاکستان کی افغانستان میں زبردست کارروائی، 4 اہم اہداف مکمل تباہ، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 26 خوارج ہلاک

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان نے پاک افغان سرحدی علاقوں میں خوارج کے ٹھکانوں پر مؤثر کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں 26 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں، جن میں 9 جون کو موسیٰ درہ میں وفاقی کانسٹیبلری کی چوکی پر حملہ کیا گیا، 2 جون کو شمالی وزیرستان میں فوجی چوکی پر گاڑی میں نصب بارودی مواد کے ذریعے خودکش حملہ اور 9 مئی کو بنوں پولیس اسٹیشن پر حملہ شامل ہیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عطا تارڑ نے بتایا کہ پاکستان میں 9 جون کو موسیٰ درہ میں فیڈرل کانسٹیبلری کی چوکی پر دہشتگرد حملہ ہوا جب کہ اس سے قبل 2 جون کو شمالی وزیرستان میں ایک فوجی چوکی پر گاڑی میں نصب خودکش بم حملہ ہوا اور 9 مئی کو بنوں کے ایک پولیس اسٹیشن پر خودکش حملہ کیا گیا۔

پاک افغان سرحدی علاقوں میں فتنہ الخوارج کے سرغناؤں اور منصوبہ سازوں کے ٹھکانوں کے خلاف انتہائی مؤثر اور ہدفی کارروائیاں کی گئیں، مستند انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر فتنہ الخوارج کے خفیہ ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 26 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک ہوگئے۔

کارروائیوں کے دوران چار اہم اہداف کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، جن میں ایک تربیتی مرکز، ایک خفیہ پناہ گاہ، اسلحہ و گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ اور فتنہ الخوارج کے کمانڈروں علیم خان خوشالی اور اختر محمد جانی خیل کے مراکز شامل تھے۔

کارروائی انتہائی درستگی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دی گئی، صرف دہشت گرد عناصر اور ان کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔

پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ہمیشہ کوشاں رہا ہے، تاہم اپنے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی کی مہم بلا تعطل جاری رکھی جائے گی۔

عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری رہےگی، پاکستان ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے کوشاں رہا ہے اور اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور قومی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے، ملک سے بیرونی سرپرستی میں دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert