یوسف خان کا نام دلیپ کمار کس نے رکھا؟

ممبئی (قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کے ٹریجڈی کنگ یا شہنشاہِ جذبات کہلانے والے دلیپ کمار 98 برس کی عمر میں اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں . انہوں نے 1944 میں فلم جوار بھاٹا سے اپنے فنی کریئر کا آغاز کیا .

فلم میں اداکاری سے قبل ان کا نام تبدیل کرکے یوسف خان سے دلیپ کمار رکھ دیا گیا . ان کا یہ نام کس نے تبدیل کیا؟ اس بارے میں انہوں نے اپنی سوانح عمری ’دی سبسٹینس اینڈ دی شیڈو‘میں کیا ہے . دلیپ کمار کے مطابق ایک بار وہ دادر جانے کیلئے چرچ گیٹ سٹیشن پر کھڑے لوکل ٹرین کا انتظار کر رہے تھے کہ اسی دوران ان کی ملاقات اپنے جاننے والے ماہر نفسیات ڈاکٹر مسانی سے ہوگئی . ڈاکٹر مسانی نے انہیں بمبمئی ٹاکیز کی مالکن اداکارہ دیویکا رانی سے ملاقات کیلئے ساتھ چلنے کو کہا . جب دیویکا رانی سے ان کی ملاقات ہوئی تو ڈاکٹر مسانی نے کہا کہ اس لڑکے کو فلموں میں کام پر رکھ لیں . دیویکار رانی نے دلیپ کمار کو دیکھنے کے بعد کہا کہ انہیں ماہانہ 1250 روپے دیے جائیں گے . اس زمانے میں یہ ایک بہت بڑی رقم تھی . دلیپ کمار کو لگا کہ شاید یہ پورے سال کی تنخواہ ہے تاہم دیویکا رانی نے واضح کیا کہ یہ تنخواہ ایک مہینے کی ہے . دلیپ کمار کے مطابق پہلے پہل انہیں صبح 10 بجے سے شام چھ بجے تک بمبمئی ٹاکیز میں بیٹھ کر مشہور اداکاروں ششی دھر مکھرجی اور اشوک کمار عرف دادا مونی (گلوکار و اداکار کشور کمار کے بڑے بھائی) کو دیکھ کر سیکھنا تھا . کچھ عرصہ وہ سٹوڈیو میں جاتے رہے جہاں ایک دن دیویکا رانی نے انہیں اپنے دفتر بلایا اور کہا کہ فلموں کیلئے یوسف خان کو فلمی نام کی ضرورت پڑے گی . دیویکا رانی نے ہی یوسف خان کا فلمی نام دلیپ کمار تجویز کیا اور کہا کہ اس نام سے سیکولر امیج بنے گا . یوسف خان اپنے نام کی تبدیلی کیلئے تیار نہیں تھے اور سوچوں میں گم سٹوڈیو میں موجود تھے کہ ان سے اداکار ششی دھر مکھرجی نے پوچھ لیا کہ وہ کیا سوچ رہے ہیں . یوسف خان نے نام کی تبدیلی کے بارے میں بتایا تو ششی دھر مکھرجی نے مشورہ دیا کہ ’میرے خیال میں دیویکا ٹھیک کہہ رہی ہیں . انہوں نے جس نام کا مشورہ دیا ہے اس پر راضی ہونا تمہارے فائدے کی بات ہے . یہ بہت ہی اچھا نام ہے . یہ بات اور ہے کہ میں تمہیں یوسف نام سے ہی جانتا رہوں گا . ‘ اس دن کے بعد سے یوسف خان دلیپ کمار بن گئے . ان کی پہلی فلم 1944 میں جوار بھاٹا کے نام سے ریلیز ہوئی جس میں یوسف خان کو دلیپ کمار کے طور پر متعارف کرایا گیا اور وہ 1998 تک اپنی آخری فلم قلعہ میں بھی اپنے فلمی نام کے ساتھ ہی جلوہ گر ہوئے . . .

متعلقہ خبریں