بلوچستان لیویز کا پولیس میں انضمام مکمل: اہلکاروں کو سات روز میں رپورٹ کرنے کا الٹی میٹم

ایک اور روایتی فورس کا خاتمہ؟ لیویز کی قربانیاں تاریخ کا حصہ، نئی انتظامی ترتیب سے امن کی امیدیں


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے اعلان کیا ہے کہ بلوچستان لیویز فورس کو مکمل طور پر بلوچستان پولیس فورس میں ضم کر دیا گیا ہے، جس کے تحت تمام لیویز اہلکاروں کو، چاہے وہ وردی میں خدمات انجام دے رہے ہوں یا بغیر وردی، سات روز کے اندر کوئٹہ میں واقع سی پی او (CPO) آفس میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ انہوں نے تمام اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ جاری کردہ ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر رپورٹ کریں تاکہ انضمام کے عمل کو خوش اسلوبی سے مکمل کیا جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بلوچستان لیویز فورس ایک ایسی فورس رہی ہے جس نے ہر وقت اور ہر لمحہ صوبے کے عوام کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنایا۔ لیویز اہلکاروں نے امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دور دراز علاقوں میں ریاستی رٹ برقرار رکھنے کے لیے بے شمار خدمات سرانجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ انتظامی طور پر لیویز فورس کو بلوچستان پولیس میں ضم کیا جا رہا ہے، تاہم اس فورس کی قربانیاں، روایات اور عوامی خدمات تاریخ کا حصہ رہیں گی، اور بلوچستان کے عوام لیویز فورس کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی انتظامی ترتیب کے تحت بھی سیکیورٹی اور عوامی خدمت کا سلسلہ اسی جذبے اور لگن کے ساتھ جاری رہے گا۔

WhatsApp
Get Alert