بیرون ملک ملازمت، 5 ماہ میں 2 لاکھ 78 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے رجسٹریشن کروالی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (بی ای اینڈ او ای) کا کہنا ہے کہ سال 2026 کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 78 ہزار 563 پاکستانیوں نے بیرون ملک ملازمت کیلئے رجسٹریشن کرائی، جن میں سب سے زیادہ تعداد مزدوروں اور ڈرائیوروں کی رہی۔

بی ای اینڈ او ای کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 1 لاکھ 71 ہزار 206 مزدور رجسٹر ہوئے، جبکہ 52 ہزار 652 ڈرائیوروں نے بیرون ملک روزگار کیلئے اندراج کرایا۔ جنوری سے مئی 2026 کے دوران ہونے والی مجموعی رجسٹریشنز میں ان دونوں شعبوں کا حصہ تقریباً 80 فیصد رہا۔

ہنر مند پیشوں میں باورچیوں کی 9 ہزار 824 رجسٹریشنز سامنے آئیں، جو پاکستانی ہوٹل اور مہمان نوازی کے شعبے سے وابستہ کارکنوں کی عالمی سطح پر مسلسل طلب کی عکاسی کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ ٹیکنیشنز، انجینئرز، فٹرز، الیکٹریشنز، بڑھئی، آپریٹرز، پلمبرز اور ویلڈرز کی بھی قابلِ ذکر تعداد میں رجسٹریشن کی گئی۔

تاہم تعلیمی اعتبار سے مستند اور حقیقی پیشہ ور افراد کا تناسب نسبتاً کم رہا، جن میں ڈاکٹرز، اکاؤنٹنٹس، کمپیوٹر اینالسٹس، اساتذہ، نرسز اور ماہرین زراعت شامل ہیں۔اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان اب بھی بیرون ملک روزگار کی منڈیوں پر خاصا انحصار کرتا ہے۔

حکام کا ماننا ہے کہ خلیجی ممالک میں خاص طور پر تعمیرات، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور دیگر محنت طلب شعبوں میں پاکستانی افرادی قوت کی طلب برقرار ہے۔ خیال رہے کہ اقتصادی سروے 26-2025 کے مطابق سال 2025 کے دوران 7 لاکھ 62 ہزار 499 پاکستانیوں نے بیرون ملک ملازمت کیلئے رجسٹریشن کرائی تھی۔

WhatsApp
Get Alert