جھل مگسی میں نغور کے قریب مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر دو افراد کو اغوا کر لیا، پہاڑی علاقوں کی جانب فرار

جھل مگسی(قدرت روزنامہ ) جھل مگسی کے علاقے نغور کے قریب مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر دو افراد کو اغوا کر لیا ہے اور انہیں لے کر پہاڑی علاقوں کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت اچانک پیش آیا جب نامعلوم مسلح افراد نے علاقے میں موجود دو افراد کو زبردستی روکا، انہیں اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور اپنے ساتھ قریبی پہاڑی سلسلے کی طرف لے گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور مگسی قبائل کے مسلح افراد فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور مغویوں کی باحفاظت بازیابی اور اغوا کاروں کی گرفتاری کے لیے مشترکہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز اور مقامی قبائل کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ پہاڑی راستوں اور ممکنہ ٹھکانوں پر نگرانی کا نظام مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ تاحال اغوا کیے گئے افراد کی شناخت اور اغوا کے محرکات سامنے نہیں آ سکے ہیں، تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام پہلوں پر باریک بینی سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ علاقے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور مزید پیش رفت پر تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
