میرا پاسپورٹ بلاک ہے لیکن دوسرے صوبے کی وزیر اعلیٰ 12 ارب کے طیارے پر باہر ممالک کے دورے کر رہی ہیں،سہیل آفریدی

پشاور(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے میرا پاسپورٹ بلاک ہے لیکن دوسرے صوبے کی وزیر اعلیٰ 12 ارب کے طیارے پر باہر ممالک کے دورے کر رہی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور نے دہشتگردی کی جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں اور 200 ارب روپے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پشاوریوں کے لیے تحفہ ہے۔ پشاور کو ایک جدید شہر بنائیں گے۔کچھ قوتیں خیبر پختونخوا حکومت کو بدنام کرنا چاہتی ہیں اور میرے خلاف پروپیگنڈے کیے گئے۔ تاہم عوام نے ان لوگوں کے پروپیگنڈے کو ناکام بنایا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت پر کرپشن کے بے جا الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ جس کے پاس کرپشن کے ثبوت ہوں سامنے لے کر آئے اور کرپشن کے ثبوت پیش کرنے والوں کے لیے وزیر اعلی ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں۔میرا پاسپورٹ بلاک ہے لیکن دوسرے صوبے کی وزیر اعلیٰ 12 ارب کے طیارے پر باہر ممالک کے دورے کر رہی ہیں۔ مجھے میڈیا پر ایک منٹ کا وقت نہیں دیا جاتا لیکن دوسرے صوبے کے وزرائے اعلی کی گھنٹوں کوریج ہوتی ہیں۔پنجاب میں ہمارے کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے اور پنجاب میں ہمارے قائدین کے کاروبار تباہ کئے گئے۔
انہوں نے مزید کہا یہ پوری طاقت بھی اکٹھی کر لیں مجھے ایک انچ بھی پیچھے نہیں کر سکتے، میرے ضمیر کی قیمت نہیں لگا سکتے، خون کے آخری قطرے تک لیڈر عمران خان اور پارٹی پاکستان تحریک انصاف ہی رہے گی۔
