قطر میں مقیم پاکستانیوں کو ویزا درستگی کی رعایتی مدت میں توسیع مل گئی

دوحہ (قدرت روزنامہ) خلیجی ملک قطر نے پاکستانیوں اور دیگر غیرملکیوں کو ویزا درستگی کیلئے رعایتی مدت میں توسیع دے دی ، رہائش ، ورک یا فیملی وزٹ ویزا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے غیرملکی قانونی کارروائی سے بچ گئے ، وزارت داخلہ ان لوگوں کو اضافی وقت دے رہی ہے جنہوں نے اپنے ویزے کے ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے تاکہ وہ اپنی کاغذی کارروائی پر عملدرآمد کر سکیں اور درست اجازت نامے حاصل کر سکیں ۔
مقامی میڈیا کے مطابق رعایتی مدت 31 دسمبر 2021ء کو ختم ہونے والی تھی تاہم وزارت نے اسے بڑھا کر 31 مارچ 2022 تک کر دیا ہے ، جس کے تحت ان لوگوں کو مزید وقت دیا جائے گا جنہوں نے اپنے ویزے سے زائد قیام کیا ہے یا جو کورونا سے متعلقہ مسائل کی وجہ سے ویزوں کی تجدید یا اپ ڈیٹ کرنے سے قاصر رہے ، وزارتی فیصلے کی روشنی میں وہ لوگ جنہوں نے رہائش کے قوانین، ورک ویزا کے قوانین، یا فیملی وزٹ ویزا کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے وہ اب اپنی قانونی حیثیت کو درست کرنے اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے مصالحت دائر کر سکتے ہیں۔

حکام نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ یہ توسیع کاروباری مالکان اور غیر ملکی کارکنوں کے مفادات پر غور کرنے کے لیے ان کی رضامندی کے فریم ورک کے اندر ہے ، لوگ متذکرہ رعایتی مدت کی پابندی کریں اور کسی بھی تاخیر یا پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے اپنی حیثیت کو درست کرنے کے لیے متعلقہ سرکاری سروس سینٹرز کا دورہ کریں ، خلاف ورزی کرنے والے آجر یا تارکین وطن کو متذکرہ مدت کے اندر مفاہمت کی درخواست سرچ اینڈ فالو اپ ڈپارٹمنٹ یا کسی سروس سنٹر کو جمع کرانی ہوگی ، جس کے بعد محکمہ فائل کی جانچ کرے گا اور مصالحتی رقم سے استثنیٰ یا قانون کی دفعات کی بنیاد پر کمی پر غور کرے گا۔