شادیوں میں گانے سے سپر اسٹار بننے تک، دلجیت دوسانجھ کی جدوجہد کی داستان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنی ابتدائی جدوجہد کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ مالی مشکلات کے باعث شادیوں اور سالگرہ کی تقریبات میں معمولی معاوضے پر پرفارم کیا کرتے تھے۔
ایک انٹرویو میں 42 سالہ دلجیت دوسانجھ نے بتایا کہ ان کا تعلق ایک ایسے خاندان سے تھا جہاں مالی حالات انتہائی کمزور تھے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات بیماری کی صورت میں ڈاکٹر کے پاس جانے کے لیے بھی پیسے نہیں ہوتے تھے جس نے انہیں سخت محنت کرنے کا حوصلہ دیا۔
دلجیت نے بتایا کہ ان کا پہلا البم “عشق دا اڈا اڈا” 2002 میں ریلیز ہوا، جس کے بعد انہیں سالگرہ اور شادی کی تقریبات میں پرفارم کرنے کی پیشکشیں ملنا شروع ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ 5 ہزار، 10 ہزار یا 15 ہزار روپے کے عوض بھی پرفارم کرنے کے لیے فوراً تیار ہو جاتے تھے اور کبھی کسی پیشکش کو ٹھکرایا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل لائیو پرفارمنسز ہی ان کی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ بن گئیں۔
دلجیت دوسانجھ نے مزید بتایا کہ اگرچہ پنجابی موسیقی کی صنعت کے بعض سینئر فنکار شادیوں میں پرفارم کرنے کو اچھا نہیں سمجھتے تھے، لیکن انہوں نے اپنے خواب پورے کرنے کے لیے ہر موقع سے فائدہ اٹھایا، جس کی بدولت آج وہ بھارتی موسیقی اور فلمی صنعت کے نمایاں فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert