کراچی میں میاں بیوی کی صلح کرانے آئی خاتون فائرنگ سے جاں بحق

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے ڈیفنس میں میاں اور بیوی کی صلح کروانے والی خاتون فائرنگ سے جاں بحق ہوگئی۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا بتانا ہے کہ ڈیفنس فیز 5 میں میاں بیوی کے جھگڑے کے دوران فائرنگ ہوئی جس سے لڑکی کی خالہ جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کھڈا مارکیٹ فلیٹ میں عمران نامی شخص کا بیوی کے ساتھ جھگڑا جاری تھا، لڑکے کی خالہ اور ساس نے بیچ بچاؤ کروانے کی کوشش کی۔
ایس ایس پی کے مطابق خاتون کو جھگڑا چھڑانے کے دوران گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ادھر سہراب گوٹھ میں آصف اسکوائر انڈس پلازہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پولیس اور مبینہ ملزمان کے درمیان ہونے والے مقابلے میں دونوں ملزمان موقع پر ہلاک ہوئے جن کی لاشیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی جبکہ پولیس شناخت اور واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
