ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2026 جاری، سنگاپور ایک بار پھر دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار، پاکستان 100 ویں نمبر پر
سنگاپور کے شہری 192 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول سفر کے اہل، افغانستان بدستور فہرست میں آخری نمبر پربرقرار

کراچی(قدرت روزنامہ)ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2026 جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق سنگاپور نے ایک مرتبہ پھر دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کا اعزاز برقرار رکھتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ پاکستان 100 ویں نمبر پر رہا۔رپورٹ کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ رکھنے والے شہری دنیا کے 192 ممالک میں بغیر پیشگی ویزا یا ویزا آن ارائیول کی سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں، جس کے باعث سنگاپور مسلسل عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ہے۔
تازہ درجہ بندی کے مطابق جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات 188 ممالک تک ویزا فری یا ویزا آن ارائیول رسائی کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ سویڈن 187 ممالک تک رسائی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
چوتھی پوزیشن پر بیلجیئم، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، لکسمبرگ، نیدرلینڈز، ناروے اور اسپین شامل ہیں، جن کے شہری 186 ممالک تک ویزا فری رسائی رکھتے ہیں۔
آسٹریا، یونان، مالٹا، پرتگال اور سوئٹزرلینڈ 185 ممالک کے ساتھ پانچویں، جبکہ ہنگری، پولینڈ اور برطانیہ 184 ممالک تک رسائی کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آسٹریلیا، کینیڈا، جمہوریہ چیک، لٹویا، ملائیشیا، نیوزی لینڈ، سلوواکیہ اور سلووینیا 183 ممالک تک رسائی کے ساتھ ساتویں، کروشیا اور ایسٹونیا 182 ممالک کے ساتھ آٹھویں، لیختن شٹائن اور لیتھوانیا 181 ممالک کے ساتھ نویں، جبکہ آئس لینڈ اور امریکا 180 ممالک تک ویزا فری رسائی کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں افغانستان بدستور 23 ممالک تک ویزا فری یا ویزا آن ارائیول رسائی کے ساتھ 103 ویں اور آخری نمبر پر ہے۔ شام 26 ممالک تک رسائی کے ساتھ 102 ویں اور عراق 29 ممالک کے ساتھ 101 ویں نمبر پر موجود ہے۔ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق پاکستان 100 ویں پوزیشن پر ہے اور پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد 30 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت سے سفر کر سکتے ہیں۔
پاکستان کے بعد یمن 31 ممالک کے ساتھ 99 ویں، صومالیہ 33 ممالک کے ساتھ 98 ویں، نیپال 35 ممالک کے ساتھ 97 ویں، بنگلہ دیش اور شمالی کوریا 36 ممالک کے ساتھ مشترکہ 96 ویں، ایران اور فلسطینی علاقوں کے پاسپورٹ 38 ممالک کے ساتھ 95 ویں جبکہ اریٹیریا 39 ممالک تک رسائی کے ساتھ 94 ویں نمبر پر ہیں۔ہینلے پاسپورٹ انڈیکس دنیا بھر کے پاسپورٹس کی درجہ بندی اس بنیاد پر مرتب کرتا ہے کہ ان کے حامل افراد کتنے ممالک میں بغیر پیشگی ویزا یا ویزا آن ارائیول کی سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔ عالمی سطح پر اس انڈیکس کو سفری آزادی اور پاسپورٹس کی بین الاقوامی حیثیت جانچنے کا ایک اہم پیمانہ تصور کیا جاتا ہے۔
