گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران معاون خصوصی سیاحت کے رویے سے نالاں، اپنے تبادلے کی درخواست دیدی

پشاور(قدرت روزنامہ)گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران معاون خصوصی سیاحت عدیل اقبال کے رویے سے نالاں ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے اپنے تبادلے کیلئے درخواست دے دی۔
ذرائع کے مطابق چند روز قبل معاون خصوصی ٹورازم عدیل اقبال نے گلیات کا دورہ کیا ، دورے کے دوران معاون خصوصی کا افسران کے ساتھ رویہ غیرمناسب رہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کی ویڈیوز بھی سوشل اکاؤنٹ پرشیئر کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق واقعہ کے بعد گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے 3 اعلیٰ افسران نے چیف سیکرٹری کو تبادلے کی درخواست دے دی۔ درخواست دینے والوں میں ڈی جی محمد فہد ، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نورالحق اور ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول فرخ جدون شامل ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ حالیہ فیلڈ وزٹ کے دوران بعض عوامی بیانات اور سوشل میڈیا پر تشہیرسے ادارے کا ورکنگ ماحول متاثرہوا ، قانونی و انتظامی ابہام کے باعث ادارے کی مؤثر کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔
درخواست کے مطابق تبادلے کی درخواست کسی ایک واقعے کا نتیجہ نہیں بلکہ ذاتی وجوہات پر مبنی ہے، سرکاری خدمت کے بہتر مفاد میں ہمارا تبادلہ کسی مناسب جگہ کیا جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ 6 ماہ میں جی ڈی اے میں اہم اصلاحات متعارف کرائی گئیں۔
دوسری جانب معاون خصوصی ٹورازم عدیل اقبال نے جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات پر گلیات کا دورہ کیا ، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی ہدایات کے مطابق تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جائے گی، حکومت گلیات میں غیرقانونی تعمیرات کی اعلیٰ سطح انکوائری کرائے گی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ جس نے بھی غیر قانونی تعمیرات کرائی ہیں ان کے خلاف کارروائی ہو گی ، اگر کسی نے عہدے سے ہٹانے کی درخواست کی ہے تو یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے۔
