بلوچستان میں سرکاری ملازمتوں کی فروخت ختم، محکمہ تعلیم، خزانہ اور ریونیو میں بھرتیاں خالصتاً میرٹ پر ہوئی ہیں: شاہد رند


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ حکومتِ بلوچستان نے سرکاری ملازمتوں میں شفافیت، میرٹ اور مساوی مواقع کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی واضح پالیسی کے تحت سرکاری ملازمتیں فروخت نہیں ہوں گی بلکہ نوجوانوں کو ان کا حق صرف میرٹ کی بنیاد پر دیا جا رہا ہے۔
شاہد رند نے بتایا کہ اسی پالیسی کے تحت محکمہ تعلیم میں 4,500 اور محکمہ خزانہ میں 111 آسامیوں پر شفاف بھرتیاں کی گئیں۔ حال ہی میں بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) میں 19 افسران کی تقرریاں بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں، جس میں کوئی سیاسی یا انتظامی سفارش قبول نہیں کی گئی۔ ان بھرتیوں میں وزیر اعلیٰ کے آبائی ضلع سے کسی امیدوار کا کامیاب نہ ہونا اس شفافیت کا واضح ثبوت ہے۔
معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میرٹ کی بالادستی سے نہ صرف اداروں کی استعدادِ کار بڑھے گی بلکہ نوجوانوں کا ریاستی اداروں پر اعتماد بھی بحال ہوگا۔ حکومت اس اصول پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert