حکومت شہریوں اور محافظوں کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام؛ سانحہ زیارت اور بدامنی کے خلاف پنجگور میں آل پارٹیز کی احتجاجی ریلی


پنجگور(ڈیلی قدرت)بلوچستان بھر کی طرح آل پارٹیز کی کال پر پنجگور میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی)اور نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام بلوچستان میں بدامنی، زیارت اور دیگر علاقوں میں پولیس اہلکاروں کے قتل اور امن و امان کی صورتحال پر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی بسم اللہ چوک پہنچی، جہاں جلسے کی صورت اختیار کر گئی۔احتجاجی اجتماع سے بی این پی کے مرکزی رہنما میر نزیر احمد بلوچ، ضلعی صدر حاجی عبدالغفار شمبے زئی اور نیشنل پارٹی کے رہنما کامریڈ مجیب احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، جو عوام کے تحفظ کی ذمہ دار ہے، خود دہشت گردی کا نشانہ بن رہی ہے اور حالیہ دنوں میں متعدد پولیس اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔مقررین نے کہا کہ آل پارٹیز کی مرکزی قیادت کی کال پر بلوچستان میں امن کے قیام، شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے موجودہ صوبائی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اگر امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر سنجیدگی سے توجہ نہ دی گئی تو بلوچستان کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام اور پولیس اہلکاروں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اور مثر اقدامات کیے جائیں۔

WhatsApp
Get Alert