ملتان : زیادتی کا مقدمہ درج نہ ہونے پر خاتون کی خودکشی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار معطل

ملتان(قدرت روزنامہ) مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج نہ ہونے پر خاتون کی خودکشی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت 4 اہلکاروں کو معطل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے قادر پوراں میں مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج نہ ہونے پر ایک خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

واقعے کے بعد آر پی او ملتان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈی ایس پی، ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکاروں کو معطل کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔

پولیس نے بتایا کہ شمیم بی بی نے الزام عائد کیا تھا کہ علاقے کے تین افراد نے انہیں مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

متاثرہ خاتون نے تھانہ بدھلہ سنت میں مقدمہ درج کرانے کی درخواست دی، تاہم پانچ روز گزرنے کے باوجود ایف آئی آر درج نہ ہونے پر وہ مبینہ طور پر شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئیں اورانصاف نہ ملنے پر زہریلی گولیاں کھا لیں، جس کے باعث ان کی موت واقع ہو گئی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر آر پی او ملتان نے فوری نوٹس لیا اور مبینہ غفلت برتنے پر ڈی ایس پی ارشاد حسین، ایس ایچ او عظیم ذوالفقار، تفتیشی افسر وسیم اور محرر کو معطل کر دیا۔

پولیس کے مطابق چاروں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پوسٹ مارٹم کے بعد شمیم بی بی کی میت ورثا کے حوالے کر دی گئی، جہاں انہیں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert