متحدہ عرب امارات کا 5 سالہ ملٹی پل انٹری ٹورسٹ ویزا کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

دبئی (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات نے درخواستگزاروں کیلئے 5 سالہ ملٹی پل انٹری ٹورسٹ ویزا کیلئے بڑی سہولت کا اعلان کردیا ہے۔ جس کے تحت دنیا بھر کے شہری بغیر کسی اسپانسر یا میزبان کے یواےای کا متعدد بار سفر کرسکتے ہیں، یہ سیلف اسپانسرڈ ویزا پانچ سال کیلئے مؤثر ہوگا، درخواست گزار کے اکاؤنٹ میں کم از کم 4 ہزار ڈالر ہونا لازمی ہے۔
میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز دبئی نے 5سالہ ملٹی پل انٹری ٹورسٹ ویزا کی شرائط اور طریقہ کار واضح کر دیا ہے۔ ویزے پر آنے والوں کو ہر بار 90 دن کے قیام کی اجازت ہوگی، ویزہ ہولڈر 90 دن کی مزید توسیع بھی حاصل کرسکیں گے، ایک سال کے دوران زیادہ سے زیادہ قیام 180 دن سے زیادہ نہیں ہوسکتا۔
ویزا کی ضروری شرائط کے مطابق درخواست گزار کے پاس کم ازکم 6 ماہ کارآمد پاسپورٹ، تازہ پاسپورٹ سائز تصاویر، مؤثر ہیلتھ انشورنس، واپسی کا ٹکٹ اور گزشتہ 6 ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹ اوردرخواست دینے سے قبل گزشتہ چھ ماہ کے دوران بینک اکاؤنٹ میں کم ازکم 4 ہزار امریکی ڈالر یا اس کے مساوی رقم موجود رہی ہونا ضروری ہے۔ درخواستیں سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور اسمارٹ ایپلی کیشنز کے ذریعے 24 گھنٹے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ پانچ سالہ ٹورسٹ ویزا کی مجموعی فیس 3 ہزار 713 درہم ہے، ویزے کیلئے تمام ممالک کے شہری اپلائی کرسکیں گے۔
