پارلیمنٹ میں موجود تمام اپوزیشن جماعتوں کا پہلا مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس طلب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پارلیمنٹ میں موجود تمام اپوزیشن جماعتوں کا پہلا اور اہم ترین مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل بروز پیر شام 6 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا گیا، جس میں متحدہ اپوزیشن کے باقاعدہ قیام کا بڑا اعلان کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس اہم اجلاس کی میزبانی اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کریں گے، جبکہ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس، جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور پاکستان تحریکِ انصاف سمیت سنی اتحاد کونسل کے تمام ارکانِ پارلیمنٹ شرکت کریں گے، پی ٹی آئی کی جانب سے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، سابق سپیکر اسد قیصر اور دیگر سینئر ارکانِ پارلیمنٹ کی شرکت متوقع ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں دونوں ایوانوں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے اور ملک کی موجودہ سیاسی و آئینی صورتحال پر یکساں مؤقف اپنانے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر مفصل غور کیا جائے گا، اجلاس کے ایجنڈے کے اہم نکات میں پارلیمنٹ کے اندر حکومت کی یکطرفہ قانون سازی کا راستہ روکنا، الیکشن کمیشن میں نئی تعیناتیوں پر اپوزیشن کا متفقہ اور مشترکہ نام سامنے لانا، پارلیمانی امور اور اپوزیشن کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ محاذ قائم کرنا شامل ہیں۔

WhatsApp
Get Alert