کرکٹ کی دنیا کے 21 سابق لیجنڈ کپتانوں نے عمران خان کیلئے آواز بلند کردی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) دنیا بھر کے 9 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 21 سابق انٹرنیشنل کرکٹ کپتانوں نے ایک مشترکہ خط کے ذریعے وزیراعظم شہباز شریف سے بانی پی ٹی آئی اور 1992ء کے ورلڈ کپ فاتح کپتان عمران خان کا انسانی بنیادوں پر مناسب اور مکمل طبی معائنہ اور علاج کروانے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ خط فروری میں بھیجے گئے 14 سابق کپتانوں کے خط کا تسلسل ہے، اس بار مزید 7 سابق کپتانوں کی شمولیت کے بعد کل 21 لیجنڈز نے وزیراعظم پاکستان سے رجوع کیا، خط میں سابق کرکٹرز نے کہا ہے کہ وہ سیاستدان کے طور پر نہیں بلکہ سابق ساتھیوں اور حریفوں کی حیثیت سے لکھ رہے ہیں جن کا کرکٹ کے میدان میں ایک ایسا رشتہ قائم ہوا جو سرحدوں اور سیاسی تنازعات سے بالاتر ہے۔

سابق کپتانوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے اور ان کے ذاتی معالجین و ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان پر مشتمل میڈیکل بورڈ کے ذریعے معائنے کا واضح حکم دیا تھا، تاہم تشویشناک بات یہ ہے کہ عمران خان کو ہسپتال میں صرف چند گھنٹے رکھا گیا اور سپریم کورٹ کے مقرر کردہ بورڈ کے بجائے سرکاری ٹیم سے معائنہ کروا کر میڈیکلی فٹ قرار دیتے ہوئے واپس اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔
اپنے خط میں 21 سابق کپتانوں نے کسی بھی ملکی یا سیاسی قانون سازی میں مداخلت سے گریز کرتے ہوئے وزیراعظم کے سامنے 3 بنیادی مطالبات رکھے ہیں کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق مقرر کردہ میڈیکل بورڈ بشمول عمران خان کے اپنے ڈاکٹروں کو ان کی صحت اور بالخصوص دائیں آنکھ کی بینائی کی کمزوری کا مکمل جائزہ لینے دیا جائے، سپریم کورٹ کی جانب سے بحال کی گئی ہفتہ وار خاندانی ملاقاتوں پر بغیر کسی انتظامی تاخیر کے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، طبی جائزے میں جو بھی سفارشات سامنے آئیں، ان کی روشنی میں تجویز کردہ علاج فوری طور پر فراہم کیا جائے۔

آسٹریلین کرکٹ کے عظیم کھلاڑی آسٹریلیا کے گریک چیپل کی کاوشوں سے تیار کیے گئے اس خط پر دنیا بھر کے جن معروف کپتانوں نے دستخط کیے ان میں بھارت سے سُنل گواسکر، کپیل دیو، دلیپ وینگسرکر، آسٹریلیا سے ایلن بارڈر، گریگ چیپل، ایان چیپل، اسٹیو وا، ایڈم گلکرسٹ، کم ہیوز، بیلنڈا کلارک، الیکس بلیک ویل، انگلینڈ سے مائیکل ایتھرٹن، مائیکل بریئرلی، سر الیسٹیر کک، ڈیوڈ گاور، ناصر حسین، سر اینڈریو اسٹراس اور دیگر ممالک میں سر کلائیو لائیڈ (ویسٹ انڈیز)، ارجنا راناٹنگا (سری لنکا)، جان رائٹ (نیوزی لینڈ) اور لی جرمین شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کے نام لکھے جانے والے اپنے اس خط کے اختتام پر 21 سابق کپتانوں نے واضح کیا کہ 73 سالہ عمران خان پچھلے تین سال سے زائد عرصے سے جیل میں قید ہیں، سیاسی و قانونی دلائل سے ہٹ کر عدالت کے حکم کے مطابق مکمل اور شفاف طبی عمل کا ہونا ایک بنیادی حق اور انصاف کا تقاضا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ اس معاملے کو جلد اور وقار کے ساتھ حل کیا جائے گا۔
