آج کا سب سے بڑا مسئلہ قومی سلامتی ہے، اور اس کا حل بہت سادہ ہے: شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد( قدرت  روزنامہ ) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج کا سب سے بڑا مسئلہ قومی سلامتی ہے، اور اس کا حل بہت سادہ ہے: قانون کی حکمرانی اور آئین پر عمل درآمد۔

انہوں نے یہ بات مقامی ہوٹل میں معروف مصنف اکرام سہگل کی کتاب کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق سربراہ پاک فوج جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف تھے۔

اکرام سہگل نے اپنی اس کتاب میں پاکستان اور سیکیورٹی کے مسائل پر اپنے مشاہدات قلمبند کیے ہیں۔ یہ کتاب شریف خاندان کے نام منسوب کی گئی ہے جس کے 2 افراد میجر عزیز بھٹی اور میجر شبیر شریف شہید کو ملک کا سب سے بڑا فوجی اعزاز ’’نشانِ حیدر‘‘ مل چکا ہے۔

معروف مصنف اکرام سہگل کی کتاب کی تقریبِ رونمائی ،سابق سربراہ پاک فوج جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کی بطور مہمان خصوصی شرکت
مقررین نے ملک کی سیکیورٹی کی صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تاہم جنرل راحیل شریف نے اپنی گفتگو کو کتاب اور اکرام سہگل سے اپنے تعلقات تک محدود رکھا۔

شاہد خاقان عباسی نے دو ٹوک انداز میں اپنے خیالات پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ سب برابر ہیں۔ ہمارے پاس آئین موجود ہے جو ہماری تمام مشکلات، بشمول سلامتی کے مسائل، کا حل ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عسکری اور سول قیادت ایک دوسرے کو سمجھنے میں ناکام رہی ہے۔ اور وہ کوشش بھی نہیں کرتے کہ ایک دوسرے کو سمجھیں۔ تمام ادارے زوال کا شکار ہیں۔لوگ، خصوصاً نوجوان، ہم سے پوچھتے ہیں کہ اس ملک کا مستقبل کیا ہے۔”
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قومی سلامتی کا مطلب عوام کی جان و مال کا تحفظ، عوام کے بنیادی حقوق کی ضمانت، ملک کی ترقی، معیشت کی بہتری اور اداروں کا صحیح طریقے سے کام کرنا ہے۔ قانون کی حکمرانی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے فوج کے شہداء سے متعلق بیان کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا ’’میں سمجھ نہیں سکا کہ وہ کیا کہنا چاہتے ہیں۔ ہم نے انہیں خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ واضح کریں کہ ان کا مطلب کیا ہے۔ یہ بیان ناقابل قبول ہے۔ فوج تنخواہوں کا نام نہیں، یہ وطن کے دفاع کے لیے عزم اور لگن کا نام ہے ۔

تقریب میں سابق فوجی حکام، سفارت کاروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور میڈیا سے وابستہ افراد نے بھی شرکت کی۔

WhatsApp
Get Alert