شہباز حکومت نے جولائی میں 763 ملین ڈالر قرض لے لیا! جانیں کس سے کتنا قرضہ ملا

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان نے نئے مالی سال 2026-27 کے پہلے ماہ جولائی میں مجموعی طور پر 763 ملین ڈالر کے غیر ملکی قرضے اور گرانٹس حاصل کیے جو گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ کے 694.5 ملین ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹس (NPC) کے ذریعے جولائی میں 343.99 ملین ڈالر حاصل ہوئے جبکہ گزشتہ سال یہ رقم 196.22 ملین ڈالر تھی۔ اس میں روایتی NPC سے 97.32 ملین جبکہ اسلامی NPC سے 246.67 ملین ڈالر شامل ہیں۔

چین سے حاصل کیے گئے گارنٹی شدہ قرضوں کی مالیت 146 ملین ڈالر رہی جبکہ دیگر دو طرفہ قرضوں اور گرانٹس کی مد میں 19.6 ملین ڈالر ملے۔ اس رقم میں فرانس سے 1.3 ملین، جرمنی سے 9.94 ملین، جاپان سے 0.94 ملین اور سعودی عرب سے 7.42 ملین ڈالر شامل ہیں۔ گزشتہ سال جولائی میں دو طرفہ ذرائع سے 118.4 ملین ڈالر ملے تھے۔

کثیرالجہتی اداروں سے جولائی میں 252.83 ملین ڈالر حاصل ہوئے جو گزشتہ سال کے 379.8 ملین ڈالر سے کم ہیں۔ اس میں اے ڈی بی نے 59.17 ملین اور اے آئی آئی بی نے 6.57 ملین ڈالر فراہم کیے۔

عالمی بینک نے جولائی میں آئی ڈی اے کے تحت 130 ملین ڈالر اور آئی بی آر ڈی کے ذریعے 29.22 ملین ڈالر دیے۔ اسلامی ترقیاتی بینک نے 1.75 ملین ڈالر جبکہ مختصر مدتی فنانسنگ کی مد میں 22.71 ملین ڈالر فراہم کیے۔ آئی ایف اے ڈی اور اوپیک فنڈ نے بالترتیب 2 ملین اور 0.76 ملین ڈالر دیے۔

یوں دو طرفہ اور کثیرالجہتی فنانسنگ میں کمی کے باوجود نیا پاکستان سرٹیفکیٹس سے بڑھنے والی رقوم نے مجموعی غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس کو گزشتہ سال کے مقابلے میں بلند رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

WhatsApp
Get Alert