آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی

لاہور(قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کے حوالے سے پیشگوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج رات بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ اتوار کے روز ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس والا رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں شدید حبس کی کیفیت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

تاہم دیر، بونیر، سوات، شانگلہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، صوابی، مردان، پشاور، کوہاٹ، کرک، کرم اور ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور شدید حبس والا رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، چکوال، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، لاہور، گوجرانوالہ اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ وسطی اور بالائی سندھ میں دن کے اوقات کے دوران شدید گرمی برقرار رہنے کی توقع ہے۔ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے اور چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان بھی موجود ہے۔

اسی طرح بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شام اور رات کے اوقات میں ژوب، خضدار، موسیٰ خیل، بارکھان اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔ بعد از دوپہر کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert