اب یہ رقم بھی ادا کرنا ہوگی! پاکستان، بھارت اور بنگلادیشی عمرہ زائرین کیلئے نیا نظام متعارف

سعودی عرب (قدرت روزنامہ)سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے سہولیات کو منظم کرنے کی غرض سے ایک نیا طریقہ کار متعارف کروا دیا ہے جس کے تحت پاکستان سمیت چار ممالک سے آنے والے عازمین کو عمرہ ویزا حاصل کرتے وقت کھانے کے لازمی اخراجات بھی ادا کرنا ہوں گے۔ نئے نظام کا مقصد زائرین کو بہتر اور منظم انداز میں کھانے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پالیسی یکم ربیع الاول سے نافذ کی جائے گی۔ابتدائی طور پر اس کا اطلاق پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور مصر سے تعلق رکھنے والے عمرہ زائرین پر ہوگا جبکہ بعد کے مراحل میں اسے دیگر ممالک کے عازمین کے لیے بھی نافذ کرنے کا منصوبہ ہے۔
نئے نظام کے مطابق ہر عمرہ زائر سے روزانہ تقریباً 20 سعودی ریال کھانے کی مد میں وصول کیے جائیں گے۔ یہ رقم نُسُک (Nusuk) پلیٹ فارم کے ذریعے کھانے کے واؤچرز کی شکل میں شامل ہوگی اور اسے الگ سے جمع کرنے کے بجائے عمرہ ویزا فیس کے اندر ہی شامل کر دیا جائے گا۔
سعودی حکام کے مطابق کھانے کے اخراجات شامل کرنے کا یہ طریقہ کار اسی نظام سے مشابہ ہے جس کے تحت نُسُک پلیٹ فارم کے ذریعے لازمی سفری سہولیات کے چارجز بھی ویزا پراسیسنگ کے دوران شامل کیے جاتے ہیں۔
عمرہ زائرین کو کھانے کی بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے سعودی عرب نے نُسُک ایپ کے ساتھ 10 ہزار سے زائد ریسٹورنٹس کو منسلک کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ان منظور شدہ ریسٹورنٹس سے زائرین اپنے قیام کے دوران کھانے کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔
نئے طریقہ کار کے تحت ویزا جاری ہونے سے پہلے عمرہ زائر کو ایک مخصوص بی آر این (BRN) میل کوڈ دیا جائے گا۔ یہ کوڈ زائر کے ویزا کے ساتھ منسلک ہوگا جسے استعمال کرتے ہوئے وہ رجسٹرڈ ریسٹورنٹس سے کھانا حاصل کرسکے گا۔
حکام کے مطابق کھانے کے واؤچرز کی مجموعی رقم ہر زائر کے سعودی عرب میں قیام کی مدت کے حساب سے طے کی جائے گی جبکہ ویزا جاری کرنے سے قبل اس کی مکمل تصدیق بھی کی جائے گی۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کو پہلے مرحلے میں پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور مصر کے زائرین کے لیے شروع کیا جا رہا ہے تاہم مستقبل میں دیگر ممالک کے عمرہ زائرین کو بھی اس نظام کا حصہ بنایا جائے گا۔
نئے نظام کے باعث عمرہ ٹور آپریٹرز کے پیکجز میں بھی تبدیلی متوقع ہے کیونکہ اب انہیں اپنے عمرہ پیکجز میں لازمی کھانے کے چارجز کو شامل کرنا ہوگا۔
