حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومت نے مسلسل پانچ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اگلے دو روز کے لیے مزید ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزارت توانائی نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

پیٹرولیم ڈویژن (وزارت توانائی) سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 25 جولائی 2026 کے لیے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ دو روز تک برقرار رہیں گی۔

حکومت کے فیصلے کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 335 روپے 18 پیسے اور ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔

نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی یہ قیمتیں 26 اور 27 جولائی 2026 کے لیے برقرار رہیں گی۔

خیال رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کردیا تھا جو نئے طریقہ کار کے تحت مسلسل پانچویں روز اضافہ تھا۔

حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے 66 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے اضافہ کردیا تھا جبکہ اس سے قبل بالترتیب 4 روپے 40 پیسے اور 3 روپے 62 پیسے اضافہ کردیا تھا۔

حکومت نے 24 جولائی کے لیے پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 331 روپے 52 پیسے اور ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 378 روپے 66 پیسے مقرر کی تھی۔

WhatsApp
Get Alert