شہید میجر محمد انور کاکڑ کی پہلی برسی، کور کمانڈر 12 کور کی اہلِ خانہ سے ملاقات

قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کی مقروض ہے، شہید میجر انور کاکڑ نوجوانوں کے لیے روشن مثال ہیں، کور کمانڈربلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وطن عزیز کے بہادر سپوت شہید میجر محمد انور کاکڑ کی پہلی برسی کے موقع پر کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، فاتحہ خوانی کی اور شہید کی عظیم قربانی، جرات، بہادری اور وطن سے لازوال محبت کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر کور کمانڈر نے اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردی اور یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے شہدا اور غازیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید میجر محمد انور کاکڑ نے وطن عزیز کے امن، سلامتی اور دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے فرض شناسی، بہادری اور حب الوطنی کی ایسی مثال قائم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کی مقروض ہے، جبکہ شہید میجر محمد انور کاکڑ کی جرات، دیانت داری، پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور فرض سے غیر متزلزل وابستگی آنے والی نسلوں، خصوصا نوجوان افسران اور سپاہیوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پاک فوج شہدا کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی فلاح و بہبود کو اپنی قومی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتی ہے۔کور کمانڈر نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی اور شہدا کے مشن کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے کیونکہ افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم ملک کے دفاع کے لیے متحد ہیں۔
شہید میجر محمد انور کاکڑ کے اہلِ خانہ نے کور کمانڈر کی آمد، اظہارِ یکجہتی اور حوصلہ افزا کلمات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے شہید بیٹے پر فخر ہے، جس نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان قربان کر کے ہمیشہ کے لیے امر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
تقریب کے اختتام پر شہید میجر محمد انور کاکڑ سمیت وطن عزیز کے تمام شہدا کے درجات کی بلندی، پاکستان کے امن، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا اور ان کے اہلِ خانہ کی تکریم و سرپرستی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

WhatsApp
Get Alert