دبئی کا ویزا آن ارائیول، نئی شرائط سامنے آگئیں

دبئی(قدرت روزنامہ) مخصوص ممالک کے شہریوں کے لیے ‘ویزا آن ارائیول’ کی نئی شرائط واضح کردی گئی ، اہل شہری متحدہ عرب امارات پہنچنے پر 14 یا 60 روزہ ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دبئی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز نے ویزا آن ارائیول سروس کی شرائط واضح کرتے ہوئے بتایا کہ مخصوص ممالک کے اہل شہری متحدہ عرب امارات پہنچنے پر 14 یا 60 روزہ ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ بھارت، انڈونیشیا، ویتنام، تھائی لینڈ، فلپائن، کینیا اور جنوبی افریقہ کے شہری اور ان کے ہمراہ آنے والے اہل خانہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، بشرطیکہ ان کے پاس عام پاسپورٹ اور منظور شدہ ممالک کا کارآمد رہائشی پرمٹ موجود ہو۔
جی ڈی آر ایف اے نے کہا کہ درخواست گزار کے پاس کم از کم 6 ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ، سفید پس منظر والی حالیہ رنگین تصویر اور امریکا، برطانیہ، یورپی یونین، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا یا سنگاپور کی جانب سے جاری کردہ مؤثر رہائشی اجازت نامہ ہونا لازمی ہے۔
14 روزہ ویزا کو ایک مرتبہ مزید 14 دن کے لیے بڑھایا جا سکتا ہے، جبکہ 60 روزہ ویزا قابلِ توسیع نہیں ہوگا۔
درخواستیں جی ڈی آر ایف اے کی ویب سائٹ یا اسمارٹ ایپ کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں، جہاں منظوری کے بعد ویزا درخواست گزار کے رجسٹرڈ ای میل پر بھیج دیا جائے گا اور درخواستوں پر 48 گھنٹوں میں کارروائی مکمل کی جاتی ہے۔
جی ڈی آر ایف اے کے مطابق یہ سہولت سفری عمل کو آسان بنانے، سیاحت کے فروغ اور مزید بین الاقوامی مسافروں کو متوجہ کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔
ادارے کا کہنا تھا کہ 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اس پروگرام کے تحت 73 ہزار 551 ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو اس سہولت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ہیں۔
