حکومت مخالف احتجاج ، شہبازشریف اور بلاول بھٹو کی جلد ملاقات کا امکان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے اعلان کردہ حکومت مخالف احتجاج کے حوالے سے شہبازشریف اور بلاول بھٹو کی جلد ملاقات کا امکان ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی طرف سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پی ڈی ایم کے ساتھ مارچ کی پیشکش کی جائے گی ، جس کے لیے شہازشریف اور بلاول بھٹو کے درمیان اگلے ہفتے اسلام آباد میں ملاقات ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، جس کے لیے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان قیادت کی سطح پر رابطہ ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہازشریف اور بلاول بھٹو کے درمیان ملاقات قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پارلیمنٹ میں ہوگی ، جس کا مقصد اپوزیشن کی طرف سے حکومت مخالف مؤثر احتجاج کرنا ہے ، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم کے اسلام آباد مارچ کے حوالے سے بات چیت ہوگی، جب کہ شہباز شریف بلاول بھٹو کو پی ڈی ایم کی جانب سے ہونے والے مارچ میں شرکت کی دعوت دیں گے اور اگر بلاول بھٹو مارچ میں شرکت کے لئے رضا مند نہ ہوئے تو پھر پی ڈی ایم اپنا شیڈول پیپلزپارٹی کے ساتھ ایڈجسٹ کرے گی۔
دوسری طرف وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں الگ الگ آئیں انہیں اسلام آباد میں خیمے لگا کر دیں گے، اپوزیشن جماعتوں کو الگ الگ خیمے اس لیے لگا کر دیں گے تاکہ آپس میں نہ لڑیں، پانچ سات خیموں میں اپوزیشن کے لوگ آجائیں گے ، نواز شریف اور مریم نواز کو سزا ہوچکی ہے، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کیخلاف بھی مقدمات داخل ہو چکے ہیں، آئندہ ہفتے شہبازشریف کیخلاف بھی کیس دائر کرینگے، وہ اپنی سیٹ کی فکر کریں۔
انہوں نے پریس کانفرنس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڑی بڑی مچھلیاں باہر ہوچکی ہیں،آئندہ انتخابات میں یہ لیڈرشپ نہیں ہوگی ، اپوزیشن کی طرف سے سیاست کی جارہی ہے، شاہد خاقان عباسی کو چاہیے مری میں لوگوں کی خدمت کریں لیکن وہ پنڈی میں بیٹھ کر سیاست کررہے ہیں، مریم نواز چھٹی منارہی ہیں ، اپوزیشن جماعتیں الگ الگ آئیں انہیں اسلام آباد میں خیمے لگا کر دیں گے، اپوزیشن جماعتوں کو الگ الگ خیمے اس لیے لگا کر دیں گے تاکہ آپس میں نہ لڑیں، پانچ سات خیموں میں اپوزیشن کے لوگ آجائیں گے۔