ڈرائیونگ کے دوران چیٹنگ کا نیا طریقہ! واٹس ایپ کا ہینڈز فری فیچر زندگی آسان بنا دے گا

لندن (قدرت روزنامہ)واٹس ایپ نے صارفین کے لیے 4 نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے جن کے ذریعے آئی پیڈ پر اکاؤنٹ بنانا، گاڑی میں ہینڈز فری استعمال، پی ڈی ایف فائلوں کی بہتر سہولت اور میوزک اسٹیٹس شیئرنگ پہلے سے زیادہ آسان ہوجائے گی۔

اطلاعات کے مطابق اب صارفین آئی پیڈ پر واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے کسی موبائل فون سے اکاؤنٹ لنک کرنے کے پابند نہیں ہوں گے۔ وہ براہِ راست آئی پیڈ پر رجسٹریشن مکمل کر کے اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ چلا سکیں گے جس سے خاص طور پر آئی پیڈ صارفین کے لیے ایپ کا استعمال مزید سہل ہو جائے گا۔

کمپنی نے ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کے لیے بھی نئی سہولیات شامل کی ہیں۔ ان فیچرز کی بدولت صارفین ڈرائیونگ کے دوران ہینڈز فری انداز میں پیغامات سن اور ان کا جواب دے سکیں گے، کالز کر سکیں گے، کال ہسٹری دیکھ سکیں گے اور گاڑی کی اسکرین سے اپنے پسندیدہ رابطوں تک فوری رسائی حاصل کر سکیں گے۔

پی ڈی ایف فائلوں سے متعلق بھی اہم بہتری متعارف کروائی گئی ہے۔ اب صارفین واٹس ایپ کے اندر ہی پی ڈی ایف فائلیں ڈاؤن لوڈ کیے بغیر کھول سکیں گے جبکہ انہیں ہائی لائٹ کرنے اور نوٹس شامل کرنے جیسی بنیادی ایڈیٹنگ سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

ایک اور نئے فیچر کے تحت ایپل میوزک اور اسپاٹیفائی استعمال کرنے والے صارفین اپنے زیرِ سماعت گانے کو براہِ راست واٹس ایپ اسٹیٹس پر شیئر کر سکیں گے۔ واٹس ایپ کے مطابق یہ تمام فیچرز مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین کے لیے جاری کیے جا رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert