ایرانی ریال خریدنے والوں کو بڑا جھٹکا! قیمتوں میں مسلسل کمی؛ جانیں تازہ ریٹس

کراچی (قدرت روزنامہ)ایرانی ریال کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث امریکی ڈالر، یورو اور پاکستانی روپے سمیت اہم غیر ملکی کرنسیاں ریال کے مقابلے میں مزید مضبوط ہو گئی ہیں جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ریال دباؤ کا شکار ہے۔

ایران کے مرکزی بینک (سی بی آئی) کی جانب سے 25 جولائی 2026 کے لیے جاری کردہ شرح مبادلہ کے مطابق ایک امریکی ڈالر کی سرکاری قیمت 14 لاکھ 14 ہزار 300 ریال مقرر کی گئی جو 23 جولائی کو 14 لاکھ 4 ہزار 259 ریال تھی۔ اسی طرح 100 پاکستانی روپے کے برابر شرح 5 لاکھ 9 ہزار 182 ریال تک پہنچ گئی جبکہ یورو کی سرکاری قیمت بڑھ کر 16 لاکھ 10 ہزار 84 ریال ہو گئی۔

مرکزی بینک کے مطابق 44 غیر ملکی کرنسیاں ایرانی ریال کے مقابلے میں مضبوط ہوئیں جبکہ صرف دو کرنسیوں کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ سانا ایکسچینج سسٹم میں ایک ڈالر 15 لاکھ 14 ہزار 675 ریال جبکہ اوپن مارکیٹ میں 19 لاکھ 20 ہزار سے 19 لاکھ 50 ہزار ریال کے درمیان ٹریڈ کرتا رہا۔

پاکستانی اوپن مارکیٹ میں بھی ایرانی ریال کی قدر میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے جہاں ایک کروڑ ایرانی ریال 4 ہزار 500 سے 5 ہزار پاکستانی روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ جون میں یہی مالیت 8 ہزار سے 9 ہزار روپے کے درمیان تھی۔

تازہ شرح کے مطابق ایک پاکستانی روپیہ تقریباً 5 ہزار 92 ایرانی ریال کے برابر ہے جبکہ ایک ایرانی ریال کی مالیت تقریباً 0.000196 پاکستانی روپے بنتی ہے۔

ماہرین کے مطابق ایرانی ریال پر دباؤ برقرار ہے تاہم بعض سرمایہ کاروں کا خیال ہے کہ اگر خطے میں سیاسی کشیدگی کم ہوئی اور سفارتی پیش رفت ہوئی تو مستقبل میں ریال کی قدر میں بہتری آ سکتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert