امریکا اور ایران مذاکرات پر آمادہ، پاکستان اور قطر نے ثالثی کی کوششیں تیز کردیں

اسلام آباد/دوحہ: (قدرت روزنامہ) پاکستان اور قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
عرب نشریاتی ادارے کے مطابق پاکستان اور قطر نے ثالثی کی تجویز پر امریکا اور ایران سے جوابات حاصل کر لیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران نے پاکستان اور قطر کی تجویز کے جواب میں اپنے مؤقف سے آگاہ کر دیا ہے، جبکہ ایران نے پاکستان کو مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اپنی آمادگی سے بھی آگاہ کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ممکنہ مذاکرات کا اگلا دور جنیوا، دوحہ یا اسلام آباد میں سے کسی ایک مقام پر منعقد کیا جا سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ تاحال سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے کہا ہے کہ امریکی حملوں میں وقفہ غیر یقینی صورتحال اور شکوک و شبہات کو بڑھا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران حملے روکنے کے لیے تیار ہے اور اگر امریکا مزید حملے نہیں کرتا تو ایران بھی کوئی کارروائی نہیں کرے گا۔

تاہم امریکا اور ایران کی جانب سے ان اطلاعات پر باضابطہ طور پر کوئی سرکاری تصدیق یا اعلان سامنے نہیں آیا۔

WhatsApp
Get Alert