بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو فارم 47 کی پیداوار قرار دے دیا

مظفر آباد(قدرت روزنامہ)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے وزیراعظم شہباز شریف کو فارم 47 کی پیداوار قرار دے دیا۔
مظفرآباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ بچہ بچہ جانتا ہے، وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز فارم 47 سے آئے ہیں، یہ جماعت نسل در نسل دھاندلی کی پیداوار ہے۔
بلاول نے کہا کہ انہوں نے کوئی الیکشن ووٹ سے نہیں جیتا پیپلزپارٹی کے مخالف کشمیر میں بھی ووٹ چوری کرنا چاہتے ہیں، ان سے ایک ایک ووٹ، ایک ایک سیٹ واپس لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دوست بائیکاٹ کا کہتے ہیں تو ان کو ایک دو تھپڑ مار کر کہو بائیکاٹ نہیں ہوتا، اپنے حق کے لیے ووٹ ڈالو۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کسی نے پیپلزپارٹی کو اقتدار تحفے یا پلیٹ میں نہیں دیا، یہ سمجھتے ہیں کشمیر میں ہم انہیں دھاندلی کرنے دیں گے، کشمیری عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔ عالمی سطح پر تین نسلوں سے کشمیر کی جدوجہد کرتے آرہے ہیں۔ کشمیریوں کے جمہوری حقوق کیلئے لڑتے نظر آرہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے الیکشن کمیشن سے میرپور میں دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن دھاندلی میں ملوث نہیں تھا تو صاف شفاف تحقیقات اور ری پولنگ کرے، الیکشن کمیشن میرپور اور کوٹلی کے عوام کے ساتھ انصاف کرے۔ سیاسی میدان میں ہمیں شکست ملتی ہے تو قبول کرنے کو تیار ہوں، دھاندلی سے میرا مینڈیٹ چوری کیا گیا تو قبول نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں میں پیپلزپارٹی کیلئے جوش و جذبہ، محبت نظر آرہی ہے، انشاءاللہ 2اگست کوتیر اور کشمیر کی جیت یقینی ہے، کشمیر کے بحران کا حل پیپلزپارٹی کے پاس موجود ہے، کشمیری عوام کسی سے ڈرتے نہیں،ووٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔
