شہباز شریف کے پاس حادثات پر سیاست اور شعبدہ بازی کے سوا کچھ نہیں، فواد چوہدری
(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف شعبدہ باز ہیں، ان کے پاس حادثات پر سیاست اور شعبدہ بازی کے سوا کچھ نہیں ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چوہدری نے شہباز شریف کی تنقید پر انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 30 سال بونے پالے ہیں، یہ بڑے نہیں ہوسکے، آج کا “پیبلو ایسکو بار” بتارہا ہے کہ “نیرو” سو رہا تھا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مری میں محل کھڑے کرنے کے بجائے وسائل خرچ کرتے تو یہ حادثہ نہ ہوتا، آج سیاحت کا انقلاب آچکا تو یہ ہمیں درس دے رہےہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کے سوا کوئی ریسکیو میں نظر نہیں آیا، اداروں نے مل کر صرف 24 گھنٹوں میں ریسکیو کا عمل مکمل کیا۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ شہباز شریف جب وزیراعلیٰ تھے ہر روز حادثہ ہوتا تھا، اسپتال میں آگ لگنے سے 100بچوں کی جان چلی گئی، ماڈل ٹاؤن واقعے پر انہوں نے کہا ٹی وی پر دیکھا تو پولیس کو روک دیا۔