ملک میں گھی، دودھ اور کوکنگ آئل کے 36 فیصد نمونے غیر معیاری نکل آئے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ملک بھر میں گھی، دودھ اور کوکنگ آئل کے معیار سے متعلق تشویشناک انکشاف سامنے آیا ہے، نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے مطابق 491 نمونوں میں سے 176 ٹیسٹ غیر معیاری نکلے، جو مجموعی نمونوں کا تقریباً 36 فیصد بنتے ہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں گھی، کوکنگ آئل اور دودھ کے معیار سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق 204 بناسپتی گھی کے نمونوں میں سے 98 غیر معیاری پائے گئے، جبکہ 146 مکسڈ کوکنگ آئل کے نمونوں میں سے 40 نمونے معیار پر پورے نہیں اترے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے بازار میں دستیاب پیک شدہ اشیا کے معیار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر معیاری دودھ، گھی اور کوکنگ آئل کے استعمال کے باعث نوجوانوں میں دل کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔

نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی نے ملک بھر میں کھلے خوردنی تیل، گھی اور دودھ کے معیار کا سروے کرانے کی ہدایت کردی۔ احسن اقبال نے صوبائی حکومتوں، علاقائی انتظامیہ اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں کو غیر معیاری اشیا کے خلاف چیکنگ کا دائرہ وسیع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

WhatsApp
Get Alert