مکہ دفاعی معاہدہ نیٹو جیسا اتحاد ہے، ترک وزیرخارجہ


انقرہ (قدرت روزنامہ) ترک وزیرخارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا مقصد خطے میں جاری جنگ اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں علاقائی استحکام کو مضبوط بنانا ہے، مکہ دفاعی معاہدہ نیٹو جیسا اتحاد ہے، ایران اس دفاعی معاہدے کا ہدف نہیں، اتحاد پر حملے تک کسی ملک کو کوئی خطرہ نہیں، موجودہ حالات میں علاقائی ممالک کے درمیان دفاعی اور سلامتی کے تعاون کو مزید مضبوط بنانا خطے میں مستقل امن اور استحکام کے لیے اہم ثابت ہوسکتا ہے۔
ترک سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ہاکان فیدان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یقین ہے کہ اگلے مرحلے میں مصر بھی اس اتحاد کا حصہ ہوگا کیونکہ تینوں ممالک پہلے ہی ایک دوسرے کے ساتھ ایسے تعاون کر رہے ہیں جیسے وہ باقاعدہ اتحاد کے رکن ہوں، مصر خطے کے اہم ممالک میں شامل ہے اور تمام معاملات میں ایک قدرتی شراکت دار کی حیثیت رکھتا ہے، مصر کی شمولیت کے حوالے سے چند تکنیکی معاملات موجود ہیں، تاہم ان مسائل کے حل کے بعد مصر کے معاہدے میں شامل ہونے کی کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔
ترک وزیر خارجہ نے بتایا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں ہے اور اس میں کسی مشترکہ خطرے کا تعین نہیں کیا گیا، یہ اتحاد صرف تین ممالک تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ضرورت پڑنے پر خطے کے دیگر ممالک کو بھی اس کے دائرے میں شامل کیا جانا چاہیے، ترک صدر کی سوچ کے مطابق اس تعاون کو مزید وسعت دی جانی چاہیے اور اگر ضرورت محسوس ہو تو تمام علاقائی ممالک کو اس چھتری کے نیچے لایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، معاہدے کے تحت کسی ایک رکن ملک پر حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، معاہدے کا بنیادی مقصد مشترکہ دفاعی صلاحیت اور اجتماعی بازداریت کو مضبوط بنانا ہے، یہ معاہدہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشرق وسطیٰ میں جنگ اور علاقائی کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر میں بحری آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert