واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب، پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے

لاہور (قدرت روزنامہ) واہگہ بارڈر پر یومِ آزادی کے موقع پر پرچم اتارنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران قومی جذبے سے سرشار عوام نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

نجی ٹی وی چینل ’’دنیا نیوز‘‘ کے مطابق تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے دوران شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھام رکھے تھے۔ نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی تھا جبکہ فضا ملی نغموں اور حاضرین کے پُرجوش نعروں سے گونجتی رہی۔

تقریب کے دوران ’’نعرۂ تکبیر‘‘، ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ کے نعرے بلند ہوتے رہے۔ پاکستان رینجرز کے جوانوں کی ولولہ انگیز پریڈ نے حاضرین کے جذبۂ حب الوطنی کو مزید بڑھا دیا۔ رینجرز کے دستے میں خواتین اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔

پاکستان رینجرز کے شیر دل جوانوں کی شاندار پریڈ اور وطن کی حفاظت کے جذبے نے تقریب میں موجود شہریوں کا لہو گرما دیا۔ پنڈال میں موجود بچوں، بزرگوں اور خواتین نے بھی پُرجوش انداز میں اپنے سپاہیوں کا حوصلہ بڑھایا اور قومی جذبے کا اظہار کیا۔

واہگہ بارڈر پر ہونے والی اس تقریب نے یومِ آزادی کے موقع پر قومی یکجہتی، حب الوطنی اور وطن سے محبت کے جذبات کو مزید اجاگر کیا۔

WhatsApp
Get Alert