حکومت نے چھوٹے دکانداروں کیلئے نئی ٹیکس سکیم کا اجراء کردیا
رجسٹرڈ تاجروں کو پوائنٹ آف سیلز کی شرط سے استثنیٰ ہوگا، چھوٹے دکانداروں کو کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس دینا ہوگا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور انجمنِ تاجراں کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی اور آسان ٹیکس اسکیم کا باضابطہ اجراء کردیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت تاجروں کی مکمل مشاورت سے آگے بڑھ رہی ہے، اور ٹیکس نظام کو آسان اور سادہ بنانا تاجر برادری کی دیرینہ خواہش تھی، ایف بی آر اور پرال کا مقصد چھوٹے تاجروں کو سہولت دینا ہے، اور تاجر برادری کو کامل یقین دہانی کرائی جاتی ہے کہ انہیں کسی صورت ہراساں نہیں کیا جائے گا، ملک کو چلانے کے لیے تمام طبقات کا ٹیکس نظام میں شامل ہونا ضروری ہے۔
اس موقع پر وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے اسکیم کے اہم نکات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ چھوٹے دکاندار اب موبائل فون ایپ کے ذریعے آسانی سے اپنا ٹیکس ریٹرن فائل اور ٹیکس ادا کر سکتے ہیں، اسکیم میں رجسٹرڈ تاجروں کو گرین پلیٹ جاری کی جائے گی، اور جس دکان پر یہ پلیٹ آویزاں ہوگی وہاں ایف بی آر کا کوئی افسر یا اہلکار بلاوجہ داخل نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رجسٹرڈ چھوٹے تاجروں کو پوائنٹ آف سیلز کی شرط سے مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا، چھوٹے دکانداروں کو کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس ادا کرنا ہوگا، تاہم یہ اسکیم ان دکانداروں کے لیے قابلِ عمل ہوگی جن کی گزشتہ 3 سالوں میں کسی بھی سال سالانہ سیل (فروخت) 20 کروڑ روپے سے زائد نہ رہی ہو۔
