بیرونِ ملک بھیک مانگنے کے الزام میں ایک سال میں 950 پاکستانی ڈی پورٹ


کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستان سے باہر جا کر بھیک مانگنے کے الزام میں امریکہ اور خلیجی ممالک سمیت دنیا بھر سے ایک سال کے دوران 950 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ سال 2025ء سے 2026ء کے دوران سب سے زیادہ 897 پاکستانیوں کو سعودی عرب سے گداگری کے الزام میں ڈی پورٹ کیا گیا، دیگر ممالک میں متحدہ عرب امارات سے 22، عراق اور عمان سے 11، 11، قطر سے 5 جبکہ بحرین اور ملائیشیا سے ایک ایک پاکستانی کو ڈی پورٹ کرکے وطن واپس بھیجا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ اسی عرصے کے دوران ایئرپورٹ سیکیورٹی اور امیگریشن حکام نے بیرونِ ملک بھیک مانگنے کے شبہے میں سعودی عرب جانے والے 21 مسافروں کو آف لوڈ کیا، بحرین جانے والے 7، متحدہ عرب امارات اور قطر جانے والے 5، 5 جبکہ عمان کے 4 اور ملائیشیا جانے والے 3 مسافروں کو فلائٹ سے اتارا گیا۔ اس کے علاوہ آذربائیجان، ازبکستان، انڈونیشیا اور ترکیہ جانے والے ایک ایک مسافر کو بھی اسی الزام کے تحت روک لیا گیا، آف لوڈ کیے گئے تمام 49 مسافروں کو باضابطہ قانونی کارروائی اور انکوائری کے لیے ایف آئی اے کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert