فاطمہ جناح ہسپتال کوئٹہ میں ایم ایس ڈاکٹر کمالان گچکی پر مبینہ قاتلانہ حملہ؛ وائی ڈی اے بلوچستان کی شدید مذمت
ملزمان کی فوری گرفتاری اور سرکاری ہسپتالوں کی سیکیورٹی بہتر بنانے کا مطالبہ، بصورت دیگر احتجاج کی دھمکی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے فاطمہ جناح ہسپتال کوئٹہ کی حدود میں ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر کمالان گچکی پر ہونے والے مبینہ قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الحمدللہ ڈاکٹر کمالان گچکی حملے میں محفوظ رہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہبیان میں کہا گیا کہ ہسپتال ایک مقدس مقام ہے جہاں مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے، ہسپتال کی حدود میں ڈاکٹرز اور طبی عملے پر حملہ قانون کی کھلی خلاف ورزی اور پورے صحت کے نظام کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے اور فاطمہ جناح ہسپتال سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں کی سیکیورٹی کو فوری طور پر مثر بنایا جائے۔ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ اگر حکومت کی جانب سے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات نہ کیے گئے تو ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان مجبورا احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔
