سعودیہ میں کورونا قابو سے باہر‘ یومیہ کیسز کی تعداد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ریاض (قدرت روزنامہ) سعودیہ میں کورونا قابو سے باہر‘ یومیہ کیسز کی تعداد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 5,362 نئے مریض سامنے آگئے‘ جو وباء کے آغاز سے لے کر اب تک مملکت میں ریکارڈ کیے گئے سب سے زیادہ یومیہ کورونا کیسز ہیں۔ سعودی میڈیا کے مطابق مملکت میں بدھ کے روز کورونا وباء کے آغاز کے بعد سے سب سے زیادہ نئے یومیہ کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں کیوں کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مملکت میں 5 ہزار 362 نئے کورونا مریضوں کی تصدیق ہوئی ، اس دوران وائرس سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے 2 افراد کی موت بھی واقع ہوئی۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مملکت میں اب تک تصدیق شدہ کورونا مریضوں کی کل تعداد 5 لاکھ 93 ہزار 545 ہوچکی ہے اور اس وقت تک وائرس سے ہونے والی اموات 8,899 ہوگئی ہیں اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کل 2,499 افراد وباء سے صحت یاب بھی ہوئے ، جس سے مملکت میں مہلک وائرس سے پاک ہونے والوں کی کل تعداد 5 لاکھ 52 ہزار 057 ہوگئی تاہم اس وقت بھی کورونا کے فعال کیسز میں سے 218 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

سعودی عرب میں کورونا کیسز میں ہونے والے مسلسل اضافے کو مد نظر رکھتے ہوئے حرمین شریفین انتظامیہ نے زائرین میں آب زم زم کی تقسیم کے لیے اسمارٹ روبوٹ لانچ کردیا ، اسمارٹ روبوٹ اپنے کام کے دوران لوگوں سے ٹکرائے گا یا رکاوٹ نہیں بنے گا اور اس نے یورپی سی ایس سرٹیفکیٹ سمیت منظوری کے بہت سے سرٹیفکیٹ حاصل کیے ہیں ، روبوٹ فی راؤنڈ 30 بوتلیں تقسیم کرنے کے قابل ہو گا ، ہر راؤنڈ 10 منٹ تک جاری رہے گا ، یہ ایک وقت میں آٹھ گھنٹے کام کرتا ہے اور زمزم کے پانی کی بوتلوں کو لوڈ کرنے میں 20 سیکنڈ کا وقت لگتا ہے۔