انوشکا اور ویرات لندن منتقل کیوں ہوئے۔۔ ؟ مادھوری ڈکشٹ کے شوہر نے اہم انکشاف کر دیا

ممبئی ( قدرت روزنامہ ) انوشکا اور ویرات لندن منتقل کیوں ہوئے۔۔ ؟ مادھوری ڈکشٹ کے شوہر نے اہم انکشاف کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کے شوہر اور معروف سرجن ڈاکٹر شری رام مادھو نینے نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے لندن منتقل ہونے کا فیصلہ پرائیویسی اور اپنے بچوں کی عام ماحول میں پرورش کے لیے کیا۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق یوٹیوبر رنویر الہٰ آبادیہ کو دیئے گئے انٹرویو میں ڈاکٹر شری رام نینے نے انوشکا شرما اور ویرات کوہلی سے اپنی ملاقات اور ان کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا ذکر کیا۔
انہوں نے ویرات کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین اور بااخلاق انسان ہیں اور میں ان سے کئی مرتبہ ملاقات کر چکا ہوں۔ ایک مرتبہ انوشکا شرما سے گفتگو کے دوران مجھے معلوم ہوا کہ دونوں لندن منتقل ہونے پر غور کر رہے تھے کیونکہ انہیں بھارت میں اپنی کامیابی اور شہرت کے باعث معمول کی زندگی گزارنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’انوشکا اور ویرات کی زندگی کا کوئی بھی قدم میڈیا اور مداحوں کی توجہ حاصل کر لیتا ہے، جس کے باعث ان کے لیے نجی زندگی برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔میں خود بھی لوگوں سے گھل مل جاتا ہوں، تاہم بعض اوقات مداحوں کی جانب سے سیلفی لینے یا تصاویر بنانے کی درخواستیں نجی لمحات میں مداخلت محسوس ہونے لگتی ہے۔انوشکا اور ویرات بہت اچھے لوگ ہیں اور وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچوں کی پرورش ایک عام اور معمول کے ماحول میں ہو۔‘‘
