پمز اسپتال سانحہ، واقعے کی فوجداری قانون کے تحت تحقیقات شروع

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پمز اسپتال میں آتشزدگی اور 14 نوزائیدہ بچوں کی اموات کے واقعے کی فوجداری قانون کے تحت تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں گزشتہ ہفتے نرسری میں ہونے والی ہولناک آتشزدگی سے 14 نومولود اپنی جان سے گئے تھے اور اس سانحے پر پورا ملک سوگوار ہو گیا تھا۔

اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پولیس نے مذکورہ المناک واقعے کی فوجداری قانون کے تحت انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے دفعہ 174 کی رپورٹ کے تحت انکوائری شروع کی ہے اور سب سے پہلے پمز اسپتال کے معطل افسروں کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔

یہ تحقیقات وزیراعظم کی بنائی جانے والی انکوائری کمیٹی کی روشنی میں جاری ہیں۔ تھانہ کراچی کمپنی پولیس تمام نامزد افسروں کے بیان ریکارڈ کرے گی۔

یاد رہے کہ 12 ربیع الاول کی صبح پمز اسپتال کی نرسری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری نرسری کو جلا کر رکھ دیا اور اس میں موجود 15 میں سے 14 نوزائیدہ بچے جاں بحق ہو گئے تھے۔

اس سانحے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی بنا کر اس کو جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی جب کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر رانا عمران سمیت 8 افسران کو معطل کر دیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert