اسپنٹک چوٹی پر جاں بحق ڈاکٹر اسما مشتاق کی لاش بیس کیمپ منتقل

اسکردو (قدرت روزنامہ) اسپنٹک چوٹی پر جاں بحق ڈاکٹر اسما مشتاق کی میت بیس کیمپ منتقل کردی گئی ، جیسے ایئرلفٹ کر کے اسکردو لایا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ اسپنٹک چوٹی پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والی کوہ پیما ڈاکٹر اسما مشتاق کی میت کو کامیاب آپریشن کے بعد بیس کیمپ منتقل کر دیا گیا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بیس کیمپ سے میت کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایئرلفٹ کر کے جلد اسکردو لایا جائے گا۔
انھوں نے بتایا کہ اسکردو میں ضروری کارروائی کے بعد ڈاکٹر اسما مشتاق کی میت کو ان کے آبائی شہر لاہور منتقل کیا جائے گا۔
عطا تارڑ نے وضاحت کی کہ اسکردو سے لاہور میت کی منتقلی کا عمل پرواز (فلائٹ) کی دستیابی اور موافق موسمی صورتحال سے مشروط ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت ریسکیو اور میت کی منتقلی کے تمام مراحل پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ڈاکٹر اسما مشتاق کی میت کی لاہور منتقلی سے متعلق تمام تر اپ ڈیٹس سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جاتا رہے گا۔
