وزیراعلیٰ مریم نواز کو صوبوں سے متعلق متنازع بیان مہنگا پڑگیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سینئر صحافی حامد میر نے سابق انڈین جج مرکنڈے کے ٹویٹ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اب ہندوستانی مریم نواز کے بیان کو اپنے دفاع میں استعمال کر رہے ہیں۔ ایکس پر سابق انڈین جج مرکنڈے نے ٹویٹ میں لکھا کہ میرا ایک پاکستانی دوست ہے جو کافی عرصے سے میری واٹس ایپ کالز وصول نہیں کر رہا تھا۔
آج جب میں نے اسے فون کیا تو اس نے کہا کہ پاکستان میں بھارتیوں کی کالز وصول کرنا خطرناک ہے۔ میں نے اسے جواب دیا کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے حال ہی میں کہا ہے کہ بھارت پاکستان کا دشمن نہیں، بلکہ پاکستان کا دشمن بلوچستان اور خیبر پختونخوا ہیں۔ لہٰذا اسے میری کالز بغیر کسی خوف کے وصول کرنی چاہئیں۔
Now Indians are using the statement of Maryam Nawaz in their defense. https://t.co/FsIWeHdKQo
— Hamid Mir حامد میر (@HamidMirPAK) September 7, 2026
مزید برآں صحافی حامد میر نے اپنے تازہ ترین کالم میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیانات پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز دراصل پاکستان کی وزیراعظم بننے کی تیاری کر رہی ہیں مگر ان کے بیانات سے بھارتی موقف کو تقویت اور مقبوضہ کشمیر کے عوام میں تشویش پھیلی ہے۔
حامد میر کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تیور ظاہر کرتے ہیں کہ ان کا ہدف محض ایک صوبے کی وزارت اعلیٰ نہیں بلکہ وہ مستقبل قریب میں ملک کی وزارتِ عظمیٰ کا قلمدان سنبھالنے کی آئینی و سیاسی تیاریوں میں مصروف ہیں، ان کی یہ سیاسی خواہش اور مستقبل کا ہدف اکثر ان کی تقریروں، پریس کانفرنسوں اور عوامی بیانات میں صاف دکھائی دیتا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز دراصل پاکستان کی وزیرِ اعظم بننے کی تیاری میں ہیں۔ مریم نواز نے فرمایا ہے کہ اُنہیں اپنے پڑوسی ملک سے نہیں بلکہ اپنے پڑوسی صوبوں سے دہشت گردی کے خطرے کا سامنا ہے۔ یہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھارتی سازشوں کی تردید ہے https://t.co/Cg94gK6oTY
— Hamid Mir حامد میر (@HamidMirPAK) September 7, 2026
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے دہشت گردی سے متعلق حالیہ بیان کی سنگینی کی نشاندہی کرتے ہوئے لکھا کہ مریم نواز کے بیان نے ایک طرف جہاں پورے بھارت کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا ہے، وہاں دوسری طرف مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام اور حریت پسندوں کو شدید پریشانی اور تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
