سہولت مرکز میں کوئی ایجنٹ نظر نہیں آنا چاہیے، محسن نقوی کی ہدایت

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ سہولت مرکز میں کوئی ایجنٹ نظر نہیں آنا چاہیے اور شہریوں کو غیرضروری انتظارکا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں سی ڈی اے کے فیسلیٹیشن سینٹر کا دورہ کیا اور سینٹر میں موجود شہریوں سے مسائل دریافت کیے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ماہ کے اندر فیسلیٹیشن سینٹر میں واضح بہتری نظر آئے گی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں کے مسائل کا فوری اور شفاف حل یقینی بنایا جائے۔

وزیر داخلہ نے سینئر سٹیزن کاؤنٹر کا بھی دورہ کیا اور حکام کو بزرگ شہریوں کو درپیش مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے کاؤنٹرز پر لمبی قطاروں، زیادہ بھیڑ اور انتظار کے وقت پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سہولت مرکز کا دورہ کرنے والے شہریوں کو بہترین طریقے سے انتظام اور سہولت فراہم کی جائے۔

وزیر داخلہ نے عمارت کی تزئین و آرائش اور نئے کاؤنٹرز کے قیام کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کے لیے سہولیات کو نمایاں طور پر بہتر بنایا جائے۔

WhatsApp
Get Alert