میٹرک اور انٹر کے طلباء کیلئے یو اے ای کے 5 سالہ گولڈن ویزے کا اعلان! اہلیت چیک کریں؟

دبئی(قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات نے شاندار تعلیمی کارکردگی پر میٹرک اور انٹر کے طالب علموں کے لیے 5 سالہ گولڈن ویزے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی نے غیر معمولی تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سیکنڈری اسکول کے طلبہ کے لیے 5 سالہ گولڈن ریذیڈنسی پرمٹ کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔
اس ویزے کے تحت اہل طلبہ اور ان کے اہل خانہ بغیر کسی اسپانسر (کفیل) کے امارات میں مقیم رہ سکتے ہیں۔
گولڈن ویزے کے اہم فوائد
طالب علم اور ان کے اہل خانہ (والدین اور بہن بھائی) کو امارات میں قیام، تعلیم، ملازمت اور سرمایہ کاری کا حق بغیر کسی مقامی اسپانسر یا ایمپلائر کے حاصل ہوگا۔
روایتی ویزوں کے برعکس گولڈن ریذیڈنسی طویل مدتی خود مختار قیام کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
اہلیت اور درکار شرائط
اتھارٹی نے ہائی اسکول کے نمایاں طلبہ کے لیے دو بنیادی شرائط عائد کی ہیں۔
طالب علم کے پاس یو اے ای کی وزارتِ تعلیم کا سفارشی خط ہونا ضروری ہے۔
طالب علم نے امتحانات میں کم از کم 95 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کیے ہوں۔
درخواست گزار کے پاس تعلیمی قابلیت کا سرٹیفکیٹ، 95 فیصد سے زائد نمبروں کا ثبوت اور متعلقہ اسکول یا یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ تصدیقی و سفارشی اسناد ہونا لازمی ہیں۔
واضح رہے کہ یو اے ای کی گولڈن ریذیڈنسی پروگرام کا مقصد دنیا بھر سے بہترین صلاحیتوں کے حامل افراد کو راغب کرنا ہے، جس کے تحت مختلف شعبوں کے ماہرین اور اعلیٰ ڈگری ہولڈرز کو 5 سے 10 سال تک کے طویل مدتی ویزے جاری کیے جاتے ہیں۔
