وزیراعظم شہباز شریف سے آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم کی ملاقات،امن وامان ،ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم سید افتخار علی گیلانی نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سید افتخار علی گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کا وزیراعظم منتخب ہونے اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی، انہوں نے نئے وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال، جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور مختلف فلاحی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کی بہتری اور خطے میں ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے حکومت آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے دستیاب تمام وسائل بروئے کار لاتی رہے گی،انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی اور وہاں کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت اپنا تعاون جاری رکھے گی۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سید افتخار علی گیلانی نے ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کا تعاون اور نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا،انہوں نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں استعمال کریں گے اور خطے کی بہتری کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے،ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
