میر رضا نے کرپٹو کرنسی کی کتنی ٹرانزیکشنز کیں؟ بائنانس کا ڈیٹا حاصل کرلیا گیا

کراچی(قدرت روزنامہ) میر رضا کا بائنانس اور کرپٹو کا ڈیٹا حاصل کرلیا گیا، ڈیٹا سے 6 ماہ تک روزانہ کتنی ٹرانزیکشنز کا پتہ چل سکے گا۔
تفصیلات کے مطابق میر رضا کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں نیشنل کرائم ڈیجیٹل ایجنسی نے میر کا بائنانس (اور کرپٹو کرنسی کا گزشتہ 6 ماہ کا مکمل ڈیٹا حاصل کر لیا ہے۔
مقتول کا کئی صفحات پر مشتمل کرپٹو ڈیٹا اور کال ڈیٹیل ریکارڈ طرز کی رپورٹ تحقیقاتی کمیٹی اور جوڈیشل کمیشن کو بھی جمع کروا دی گئی ہے۔
پولیس حکام نے تکنیکی ڈیٹا کی پیچیدگیوں کے باعث این سی سی آئی اے سے ڈیٹا کے تفصیلی تجزیے کی باضابطہ درخواست کی ہے تاکہ بائنانس کی تکنیکی تفصیلات کو سادہ اور عام فہم الفاظ میں ڈی کوڈ کیا جا سکے۔
. پولیس ذرائع کے مطابق بیرون ملک سے آنے والا کرپٹو ڈیٹا انتہائی ٹیکنیکل ہوتا ہے، جسے سمجھنا عام پولیس افسران کے بس کی بات نہیں، اس کے لیے این سی سی آئی اے کے پاس موجود کوڈنگ کے ماہرین خود اس ڈیٹا کا تجزیہ کر رہے ہیں۔
اس تجزیے سے یہ واضح ہو سکے گا کہ ملزم میر رضا نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران روزانہ کی بنیاد پر کرپٹو کرنسی کی کتنی ٹرانزیکشنز (لین دین) کیں۔
حاصل کردہ ڈیٹا کی سافٹ کاپی تمام متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی ہے، جبکہ این سی سی آئی اے کی جانب سے ممکنہ طور پر کل تک پولیس کو ڈیٹا کا مکمل تجزیہ فراہم کر دیا جائے گا۔
